Tag: esports urdu

  • پب جی کا ماہر کیسے بنیں؟ آسان اور قابل عمل تجاویز

    پب جی کا ماہر کیسے بنیں؟ آسان اور قابل عمل تجاویز

    بپ جی کھیلنا بے کار ہے اگر آپ بالکل نا تجربہ کار ہیں اور یہ بات مجھے گیم کھیلنے اور پھر اس میں بُری طرح پِٹنے کے بعد پتہ چلی۔ ہوا کچھ یوں کہ جب میں نے کل کے بچوں کو بپ جی مہارت سے کھیلتے دیکھا تو سوچا کہ کوئی مسئلہ ہی نہیں، یہ تو میرے بائیں ہاتھ کا کام ہے، کیوں نہ بچوں سے بہتر کھیل کر اُنہیں حیران کر دیا جائے اور ساتھ کچھ رعب بھی ڈال دیا جائے کہ دیکھا! ہم سب کچھ کر سکتے ہیں۔ اب جب نقشے کو دیکھا کہ کہاں اُترا جائے تو ذہن نے صلاح دی کہ دشمنوں سے دور پہاڑوں پر محفوظ رہنا بہتر ہو گا، بس جی جب لینڈ کیا ہے تو چل چل کر ہلکان ہو گئے لیکن نہ دشمن ملنا تھا نہ ملا اور بے بسی کی موت مارے گئے ہاہاہا یوں ہی بہت دفعہ مرنے کے بعد دماغ میں خیال آیاکہ کیوں نہ ماہر کھلاڑیوں کو کھیلتے دیکھا جائے، شاید کچھ پلّے پڑ جائے۔

    پانچ ایسی خوبیاں دیکھیں اُن میں کہ سمجھ آگیا کہ ماہر کیسے بنا جاتا ہے۔اگر آپ میری طرح پِٹنے سے بچنا چاہتے ہیں تو اِس آرٹیکل سے استفادہ کر کے بپ جی کے ماہر بن سکتے ہیں۔ آئیے ایک ایک کر کے ان خوبیوں کو جانتے ہیں۔

    نقشہ پڑھنے کے ماہر

    نقشہ دیکھے بغیر کہیں بھی چھلانگ لگا دینا بے وقوفی ہے، ماہر کھلاڑی ہمیشہ ایسی جگہ کا انتخاب کرتے ہیں جو نہ بالکل ویران ہو اور نہ دشمنوں سے کھچا کھچ بھری ہوئی۔ میں نے تو اکثر کو سکول کے قریب چھلانگ لگاتے دیکھا ہے، (پڑھنے کے لئے نہیں، لڑنے کے لئے۔۔)اُس کے بعد کسی بھی قریبی عمارت میں بھاگتے ہوئے پناہ لیتے ہیں۔ گن لوڈ کرتے ہیں اور دشمن کا تعاقب کرتے ہیں۔ اگر کہیں دور جانا ہو تو گاڑی کا استعمال کرتے ہیں اور اسے کبھی بھی سڑک پر نہیں چلاتے بلکہ اونچے نیچے راستوں پر دوڑاتے ہیں تاکہ دشمن نقل و حرکت کا اندازہ نہ لگا سکے۔

    دور سے دشمن کو تاڑ لینے کے ماہر

    جب میں نے گیم کھیلنا شروع کی تو کبھی بھی سمجھ نہیں آتی تھی کہ دور سے جو فائر آتا ہے، کہاں سے آتا ہے؟ دشمن مجھے کیسے دیکھ لیتا ہے؟ پھر یہ سمجھ آئی کہ دائیں طرف گیم کے اوپر کی جانب ایک چھوٹا سا باکس بنا ہوتا ہے جس میں آپ کے ساتھ دشمن کی نقل و حرکت کا بھی پتہ چلتا ہے،جب دشمن فائر کرتا ہے تو اس باکس میں سرخ نشان ظاہر ہوتا ہے یوں اُدھر نظر رکھنے سے بھی دشمن کو تاڑا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ماہر کھلاڑی ہر نئی جگہ پر پہنچتے ہوئے ساتھ ساتھ سارے علاقے کا جائزہ لیتے رہتے ہیں، خاص طور پر عمارتوں کے کونوں، کھڑکیوں اور ٹوٹے ہوئے بنیروں پر نظر رکھتے ہیں، کُھلے علاقے میں درختوں، جھاڑیوں اور پہاڑیوں کے دوسرے سِروں کا جائزہ لیتے ہیں اور ہاں گاڑیوں کو بھی چیک کرتےرہنا ضروری ہے، اگر کسی عمارت کے باہر گاڑی کھڑی ہو تو دشمن یقینی طور پر اندر موجود ہے۔

    نشانہ بازی کے ماہر

    شروع شروع میں جب میں نے دشمن کو مارنے کے لئے فائر کیا تو خود ہی مرنا پڑا کیونکہ نشانہ کچا تھا ، دشمن مرتا تو کیا خاک اُلٹا میری خبر ہو گئی۔ تب ماہر کھلاڑیوں کو کھیلتے دیکھا تو یہ نوٹس کیا کہ وہ دشمن کے سر کا نشانہ لیتے ہوئے اُس سے تھوڑا آگے گولیاں داغنا شروع کرتے ہیں اور بغیر رُکے فائر کرتے رہتے ہیں جب تک وہ ختم نہ ہو جائے۔ جسم کے کسی اور حصے پر گولی مارنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ دشمن مرہم لگا کر دوبارہ میدان میں اُتر سکتا ہے اور پھر آپ کی خیر نہیں۔

    خود کو محفوظ رکھنے کے ماہر

    جب بھی میں نے بھاگنےکے لئے میدان کا رُخ کیا، فوراً ہی فائر کا سامنا کرنا پڑا اور گیم ختم۔ ماہر کھلاڑی کیسے چُھپ جاتے ہیں؟ جب انہیں کھیلتے دیکھا تو پتہ چلا کہ وہ پہلے سموک بم پھینکتے ہیں جس سے دشمن کی حدِ نگاہ کم ہو جاتی ہے اور وہ آپ کو دیکھ نہیں سکتا یوں کہیں بھی جا کر چُھپا جا سکتا ہے اس کے علاوہ جب کھڑکی یا دروازے سے فائر کرنا ہے تو فوراً وہاں سے ہٹ جانا ہے یا زمین پر لیٹ جانا ہے اور اپنی پوزیشن بدل لینی ہے، کھڑے رہ کر اپنی موت کا انتظار نہیں کرنا۔ اور ایک تجویز یہ بھی ہے کہ دشمن زیادہ تر جوتوں کی چاپ سے آپ کی آمد کا اندازہ لگاتا ہے اگر آپ اس آواز کو کنٹرول کر لیں تو دشمن کو حیران کر سکتے ہیں۔ یہ چھوٹی چھوٹی باتیں گیم میں بڑی اچھی بہتری لے آتی ہیں۔

    گرنیڈ پھینکنے کے ماہر

    جب میں نے پہلی دفعہ گرنیڈ پھینکا تو کان ٹھاہ کی آواز سننے کو ترستے ہی رہ گئے اور دشمن نے مجھے ٹائیں ٹائیں فش کر دیا۔ گرنیڈ اپنے نشانے پر تو نہیں لگا البتہ دشمن کو میری لوکیشن کا علم ہو گیا جبکہ مجھے لگتا تھا کہ گرنیڈ پھینکنا قطعاً مشکل نہیں۔ لیکن پھر پتہ چلا کہ یہ بھی سیکھنا پڑے گا۔ بس جی پھر چلے ماہر حضرات کے پاس تو اُنہوں نے سمجھایا کہ 47 میٹر تک کا فاصلہ اپنے اور دشمن کے درمیان ہونا بہتر ہے پھر 4 سیکنڈز تک گرنیڈ کو پکانا ہے اور بہت اچھا ہو گا اگر ‘شو ٹریجیک ٹری لائن’کا بٹن آن کر لیا جائے تو گرنیڈ عین نشانے پر لگے گا اور یقین مانئے واقعی بڑا فرق پڑا۔

    حرفِ آخر

    یہ وہ معمولی حربے اور تجاویز ہیں جو یقیناً آپ پہلے سے جانتے ہوں گے لیکن کبھی اتنی اہمیت نہیں دی ہو گی، اگر آج ہی سے ان پر عمل شروع کریں تو گیم کھیلنا آسان اور مزیدار ہو جائے گا۔

  • کیا گیم فورٹ نائیٹ بیٹل روئیل سے پیسے کمائے جا سکتے ہیں؟

    کیا گیم فورٹ نائیٹ بیٹل روئیل سے پیسے کمائے جا سکتے ہیں؟

    فورٹ نائیٹ ایک ایسی گیم ہے جو روزانہ لاکھوں افراد کھیلتے ہیں اور کئی لاکھوں افراد ایسے ہیں جو اِن کھلاڑیوں کو کھیلتا ہوا دیکھ کر سیکھتے ہیں۔ اِن میں سے اکثر تو گیمز کا شوق رکھتے ہیں اور کچھ ایسے بھی ہیں جو باقاعدہ کمائی کر تےہیں۔اس گیم سے پیسے کمانے کے تین طریقے ہیں۔

    •       فورٹ نائیٹ کی بانی کمپنی ‘ایپک گیمز‘ کے منعقد کردہ ٹورنامنٹس میں شریک ہو کر اور مقابلے جیت کر آپ امیر ہو سکتے ہیں۔
    •       سپورٹ اے کری ایٹر کوڈ بنا کر  ڈالرز حاصل کر سکتے ہیں۔
    •       اناڑی کو بنائیں ماہر کھلاڑی

    آئیے اِن طریقوں کو تفصیل سے جانتے ہیں۔

    گیم کے ٹورنا منٹس میں شرکت کیسے کریں؟

    Ai%20image%20(2)

    رقم جیتنے کے لئے اگر آپ گیم کے مقابلوں میں حصہ لینا چاہتے ہیں تو آئیے ہم آپ کو اس کا طریقہ سمجھاتے ہیں۔

    کرنا کچھ یوں ہے کہ آپ نے گیم کے ‘مین مینو‘ میں ‘کم پِیٹ’ والے حصے میں تشریف لےجانا ہے اور وہ ٹورنامنٹ منتخب کرنا ہے جس میں آپ حصہ لینا چاہتے ہیں۔ پھر اُس تمام معلومات کی تفصیل بتانی ہے جو کمپنی آپ کے بارے میں جاننا چاہتی ہے اور پھر ‘کوالیفائیرز‘ کے بٹن پر کلک کر کے گیم کھیلنا شروع کر دینی ہے۔آپ کو کمپنی کے بتائے گئے وقت پر سائن اِن ہونا ہے اگر مقررہ وقت پر مقابلے میں حصہ نہیں لیا تو آپ ‘ڈس کوالیفائی’ ہو جائیں گے اور اگلے مرحلے میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ بس دھیان رہے یہ ٹورنا منٹ ٹھیک ٹھاک مشکل ہوتے ہیں اور اِن میں جیتنے کے لیے خوب جان مارنی پڑتی ہے۔ کیا ہے آپ میں اتنا دم؟

    اگرآپ کا سکور اچھا ہوا تو کمپنی آپ کو ورلڈ کپ میں کھیلنے کے لئے خود دعوت دے گی۔ ورلڈ کپ کے معرکے تک پہنچنے کے لئے اِن ٹورنامنٹس میں حصہ لینا اور کامیاب ہونا بہت ضروری ہے ، ویسے ان ٹورنامنٹس کے پہاڑ سر کرتے کرتے ہی آپ کافی رقم کما لیں گے کیونکہ یہ ٹورنامنٹس بھی انعامی رقم رکھتے ہیں تو سوچ کیا رہے ہیں، لیں حصہ اور سب کے چھکے چھڑوا دیں اور اُڑا لے جائیں جیت کی رقم۔

    اس کے علاوہ آپ روزانہ کے ‘کیش کپ‘ میں بھی حصہ لے سکتے ہیں اور لیڈر بورڈ کے درجہ اوّل پر آکر انعام حاصل کر سکتے ہیں، اگرچہ اِن کیش کپس کی رقم تھوڑی ہوتی ہے لیکن اس میں کامیاب ہو کر آپ فورٹ نائیٹ کے ورلڈ کپ کے لئے تیار ہو سکتے ہیں جو آپ کو کروڑ پتی بنا دے گا۔

    سپورٹ اے کری ایٹر کوڈ کیا ہے؟

    فورٹ نائیٹ روئیل بیٹل گیم سے کمائی کا اگلا طریقہ ہے سپورٹ کری ایٹر کوڈ کے لئے اپلائی کرنا۔ اِس کے لئے آپ کمپنی ‘ایپک گیمز’ کے پیج پر اپنے سوشل میڈیا چینلز کی معلومات فراہم کریں گے۔ کمپنی آپ کے تمام چینلز کی تصدیق کرے گی اور یقینی بنائے گی کہ آپ ‘کوڈ’ کے اہل ہیں یا نہیں۔ ہو گا کچھ یوں کہ جب بھی کوئی گیم میں موجود پلے اسٹور سے کوئی آئٹم خریدنے کے لئے آپ کا کوڈ استعمال کرے گا تو اِس خریداری کی رقم کا ایک حصہ کمپنی آپ کو ادا کرے گی۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لئے ضروری ہے کہ آپ زیادہ سے زیادہ اپنا کوڈ لوگوں تک پہنچائیں اور گیم کی تشہیر کریں،اس کے لئے ویڈیوز بنائیں، بلاگز لکھیں یا گیم جیتنے کے طریقے بتائیں۔ اس طرح جب آپ کا کوڈ جتنی خریداریوں میں استعمال ہو گا، اُتنا آپ پیسے کما سکیں گے۔

    آن لائن گیم کھیل کر لوگوں کو متوجہ کریں اور اناڑی کو بنائیں ماہر کھلاڑی

    تیسرا طریقہ ہے یہ کہ اگر آپ کو اپنی گیمز کھیلنے کی صلاحیتوں پر اعتماد ہے اور آپ سمجھتے ہیں کہ آپ اوروں کو بھی سکھا سکتے ہیں اور سونے پر سہاگہ آپ کے کامیاب سوشل میڈیا چینلز بھی ہیں تو آن لائن گیم کھیلتے ہوئے براہ راست لوگوں کو دکھا کر آپ متعلقہ کمپنیز کے ساتھ تعاون سے کامیابی کے ساتھ پیسے کما سکتے ہیں۔ اس کے لئے عموماً لوگ ‘یوٹیوب’ اور ‘ٹویچ’ پر ہزاروں، لاکھوں افراد کو براہ راست میچز دکھا کر شہرت اور پیسہ سمیٹتے ہیں جیسے یہ سکاٹش دادی امّاں کما رہی ہیں۔

    آخری دو بول

    گیم کھیلئے اور دوسروں کو بھی سکھائیں۔ ساتھ میں جسمانی ورزش بھی کریں اور آنکھوں کا خیال بھی رکھیں۔ کیونکہ صحت ہے تو مزہ ہے ورنہ سب بے کار ہے۔