Tag: فورٹ نائٹ

  • تین کھیل، ایک سوال: سب سے سخت کون؟

    تین کھیل، ایک سوال: سب سے سخت کون؟

    اگر سخت ترین ذہنی آزمائش کے ای پورٹس کی فہرست بنائی جائے تو آپ کے نزدیک کون سے 3 گیمز سب سے مشکل مانے جائیں گے؟

    آپ تو جانتے ہیں کہ آن لائن گیمز کا مقابلہ صرف تیز ردعمل کا کھیل نہیں ہوتا بلکہ حکمت عملی، مہارت، ذہنی برداشت اور باہمی تعاون کا امتحان بھی ہوتا ہے۔ ایسے میں ای اسپورٹس کی دنیا کے تین کھیل ایسے ہیں جنہیں پلیئرز سب سے زیادہ اعصاب شکن سمجھتے ہیں: اسٹارکرافٹ، راکٹ لیگ، اور ڈوٹا ۲۔ مگر ان میں سے بھی کون سا واحد ایسا ہے جو استادوں کا بھی استاد ہے؟

    آئیے تفصیل سے جائزہ لیتے ہیں۔

    اسٹارکرافٹ: ای اسپورٹس کی شطرنج

    اسٹارکرافٹ ایک تیز رفتار حکمت عملی پر مبنی کھیل ہے جس میں آپ تین مختلف خلائی گروہوں کی فوجوں کو کنٹرول کرتے ہیں: انسانوں جیسے ٹیرن، جنگلی زَرگ، اور جدید پروٹاس۔ ہر گروہ کا اپنا انداز، طاقتیں اور خاص صلاحیتیں ہوتی ہیں۔

    آپ اڈے بناتے ہیں، وسائل جمع کرتے ہیں اور دشمنوں کو شکست دینے کے لیے فوجوں کی قیادت کرتے ہیں۔ ہر فیصلہ اہم ہوتا ہے، چاہے وہ اچانک حملہ ہو یا دفاعی حکمت عملی۔ یہ کھیل تیز سوچ، ہوشیار فیصلوں اور مخالف سے ایک قدم آگے رہنے کا تقاضا کرتا ہے۔

    کیوں یہ کھیل انتہائی مشکل سمجھا جاتا ہے؟

    اسٹارکرافٹ خاص طور پر بروڈ وار اور اسٹارکرافٹ ۲کو اکثر "طاقت سے بھرپورشطرنج” کہا جاتا ہے۔ یہ کھیل مانگتا ہے

    • ایک ہی وقت میں کئی کام کرنے کی صلاحیت (پیشہ ور سطح پر ۳۰۰ سے زائد حرکات فی منٹ)
    • بغیر وقفے کے حکمت عملی
    • مکمل کنٹرول اور درستگی
    • دباؤ میں فوری فیصلے

    ریڈٹ کے فورم پر "سب سے مشکل ای اسپورٹس کھیل” کے عنوان سے کئی صارفین نے اسٹارکرافٹ کو سب سے مشکل قرار دیا۔

    پیشہ ور کھلاڑی "سیریل” نے انٹرویوز میں کہا کہ اسٹارکرافٹ ۲ میں اعلیٰ سطح پر کھیلنے کے لیے روزانہ کی مشق اور ذہنی نظم و ضبط ضروری ہے۔

    راکٹ لیگ: تیز ی، مہارت، مکمل کنٹرول کا کھیل

    راکٹ لیگ ایک دلچسپ کھیل ہے جس میں گاڑیاں فٹبال کھیلتی ہیں! آپ راکٹ سے چلنے والی گاڑی چلاتے ہیں، میدان میں دوڑتے ہیں اور ایک بڑی گیند کو گول میں مارنے کی کوشش کرتے ہیں۔

    آپ اکیلے یا دوستوں کے ساتھ کھیل سکتے ہیں، جب آپ کی فلائنگ کار اُس بڑی سی بال کو ہٹ کرتے ہوئے گول کرتی ہے تو یہ ایک بڑا دلچسپ نظارہ ہوتا ہے۔ راکٹ لیگ مہارت، ٹیم ورک اور زبردست ایکشن کا کھیل ہے۔

    کیوں یہ سیکھنے میں سب سے مشکل ہے؟

    راکٹ لیگ بظاہر آسان لگتا ہے: گاڑیوں کے ساتھ فٹبال۔ لیکن اسے مکمل طور پر سیکھنا بہت مشکل ہے۔ کھلاڑیوں کو سیکھنا ہوتا ہے

    • ہوا میں کنٹرول اور طبیعیاتی حرکات
    • شاٹس، بچاؤ، اور ٹیم کی گردش کا درست وقت
    • بغیر بولے ٹیم کی ہم آہنگی
    • گیند کی سمت اور مخالف کی حرکت کا فوری اندازہ

    اسی ریڈٹ تھریڈ میں کھلاڑیوں نے راکٹ لیگ کو "سیکھنے میں سب سے مشکل” قرار دیا۔

    آئی جی این کی فہرست سیکھنے کے لیے "سب سے مشکل پانچ ای اسپورٹس کھیل” میں راکٹ لیگ کو سب سے زیادہ مہارت کی ضرورت والے کھیلوں میں شامل کیا گیا۔ جائنٹ ایکس کے کھلاڑیوں نے کہا: ” راکٹ لیگ ایک ایسا کھیل ہے جوبظاہر آسان لگتا ہے لیکن اس میں مہارت حاصل کرنا بے حد مشکل ہے۔

    ڈوٹا ۲: مشکل ترین

    ڈوٹا ۲ ایک ٹیم پر مبنی حکمت عملی کا کھیل ہے جس میں دو گروہ: ریڈیئنٹ اور ڈائر ایک دوسرے کا اڈہ تباہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہر کھلاڑی ایک طاقتور ہیرو کو کنٹرول کرتا ہے جس کی اپنی خاص صلاحیتیں ہوتی ہیں اور جیتنے کے لیے ٹیم ورک ضروری ہوتا ہے۔

    آپ ہیرو منتخب کرتے ہیں، دشمنوں سے لڑتے ہیں، سونا کماتے ہیں اور اشیاء خرید کر طاقتور بنتے ہیں۔ نقشہ ایکشن، حیرتوں اور ہوشیار چالوں سے بھرا ہوتا ہے۔ ہر میچ مختلف ہوتا ہے اور چھوٹے فیصلے بڑی کامیابیوں کا سبب بن سکتے ہیں۔

    کیوں یہ ذہنی طور پر تھکا دینے والا ہے؟

    ڈوٹا ۲ اپنی گہرائی کے لیے بدنام ہے۔ ۱۲۰ سے زائد ہیروز، سینکڑوں اشیاء اور درجنوں اصولوں کے ساتھ، کھلاڑیوں کو

    • بے شمار معلومات یاد رکھنی پڑتی ہیں
    • بدلتے ہوئے انداز سے مطابقت رکھنی پڑتی ہے
    • ٹیم میں ہم آہنگی اور وقت کے درست استعمال میں مہارت حاصل کرنی ہوتی ہے
    • طویل میچوں میں ذہنی دباؤ برداشت کرنا پڑتا ہے

    جائنٹ ایکس کے کھلاڑیوں نے آئی جی این کو بتایا کہ ڈوٹا ۲ "نئے کھلاڑیوں کے لیے ناقابلِ فہم” محسوس ہو سکتا ہے اور کامیابی کے لیے "غیر معمولی معلومات” درکار ہوتی ہیں۔

    ڈوئل شاکرز کی فہرست "سب سے مشکل ای اسپورٹس کھیلوں میں اعلیٰ درجہ حاصل کرنا” میں ڈوٹا ۲ کو سب سے سخت درجہ بندی والے کھیلوں میں شامل کیا گیا، جہاں صرف چند کھلاڑی ہی "ابدیت” کےدرجہ تک پہنچتے ہیں۔ یعنی اِم مورٹل رینک حاصل کر پاتے ہیں۔


    موازنہ

    خصوصیتاسٹارکرافٹراکٹ لیگڈوٹا ۲
    کھیل کی قسمحقیقی وقت کی حکمت عملیطبیعیاتی کھیلٹیم پر مبنی حکمت عملی
    کھیلنے کا اندازانفرادیٹیم (۳ کھلاڑی)ٹیم (۵ کھلاڑی)
    مہارت کی حدانتہائی بلندانتہائی بلندانتہائی بلند
    سیکھنے کی مشکلسختسختبہت زیادہ سخت
    ذہنی دباؤکئی کام بیک وقتجسمانی مہارت پر زورحکمت عملی کی پیچیدگی
    پیشہ ور کھلاڑیوں کی تھکنعامدرمیانیبہت عام

    آخری بات: سب سے مشکل کھیل کون سا ہے؟

    اس بارے میں کوئی بھی حتمی بات کہنا ممکن نہیں، ہاں البتہ یوں کہا جا سکتا ہے کہ

    • اسٹارکرافٹ حاضر دماغی اور بیک وقت کئی محاذوں پر توجہ مرکوز رکھنے کی صلاحیت کا امتحان ہے۔
    • راکٹ لیگ جسمانی مہارت اور درستگی میں سب سے آگے ہے
    • ڈوٹا ۲ حکمت عملی، معلومات، اور ٹیم ورک میں سب سے زیادہ پیچیدہ ہے

    لیکن جب سب کچھ سامنے آتا ہے اور مہارت کی حد ناقابلِ تصور ہو جاتی ہے تو ڈوٹا ۲ سب سے مشکل گیم کہلاتا ہے۔ یہ کھیل دراصل ہر ہیرو، ہر شے، ہر چال اور ہر ساتھی کے اگلے قدم کو پہلے سے جاننے کا امتحان ہے۔ دباؤ مسلسل ہوتا ہے، سیکھنے کا عمل سخت ہوتا ہے اور غلطی کی گنجائش نہ ہونے کے برابرہوتی ہے۔

    • اسٹارکرافٹ آپ کی سوچ کو آزماتا ہے۔
    • راکٹ لیگ آپ کے ردعمل کو آزماتا ہے۔
    • ڈوٹا ۲ آپ کو مکمل طور پر آزماتا ہے۔

    چاہے آپ اکیلے کھیل رہے ہوں، ہوا میں شاٹس روک رہے ہوں یا ٹیم کے ساتھ جنگل میں حکمت عملی بنا رہے ہوں، یہ وہ مقام ہے جہاں مہارت کی حد ختم ہوتی ہے اور اصل امتحان شروع ہوتا ہے۔

    اعزازی نام

    فورٹ نائٹ، ویلیورنٹ، اور سی ایس 2 بھی اُن کھیلوں میں شمار ہوتے ہیں جنہیں سیکھنا سب سے مشکل سمجھا جاتا ہے۔ یہ رائے مختلف گیمنگ مباحثوں اور پلیئرز کی گفتگو پر مبنی ہے۔

    اب آپ بتائیں کہ اگر آپ ان گیمز کو آزما چکے ہیں تو کس گیم کو مشکل ترین پایا؟ اور اگر نئے کھلاڑی ہیں تو کس گیم سے آغاز کریں گے؟ کومنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں۔

    مزید پڑھیے

  • پب جی، فری فائر- دنیا کی بہترین آن لائن گیمز میں سر فہرست

    پب جی، فری فائر- دنیا کی بہترین آن لائن گیمز میں سر فہرست

    دنیا کی 2۔8 ارب کی آبادی میں سے تقریباً 53٪ لڑکے آن لائن گیمز کھیلتے ہیں جو 2 ارب سے زیادہ بنتے ہیں۔ ان گیمز میں سب سے زیادہ مشہور فورٹ نائیٹ، پب جی، فری فائر،مائن کرافٹ اور لیگ آف لیجنڈز ہیں۔ مسلسل بدلتےاشاریے بتاتے ہیں کہ آن لائن گیمز کی دنیا دن بدن ترقی کر رہی ہے۔ روزانہ کے ان گنت گھنٹے گیمز سیکھنے، کھیلنے اور جیتنے پر صرف کیے جاتےہیں اور اب تو اس میں ہر عمر، طبقے اور علاقے کے لوگ شامل ہو رہے ہیں۔ان میں زیادہ تر ترقی یافتہ دنیا کا حصہ ہےجہاں انٹرنیٹ کی رفتار کافی تیز ہے۔ آج ہم خاص طور پر 5اُن گیمز کا ذکر کریں گے جو ساری دنیا میں سب سے زیادہ کھیلی جاتی ہیں اور جنہیں امّی ابا کی ڈانٹ کے باوجود بچے چھوڑ نہیں پاتے۔

    پب جی، فری فائر

    Fortnite فورٹ نائیٹ

    روزانہ کھیلنے والے پلیئرز: 6 کروڑ

    کم از کم مہینے میں ایک دفعہ کھیلنے والے پلیئرز: 11 کروڑ

    رجسٹرڈ پلیئرز: 65 کروڑ

    یہ کھلاڑی 90٪ لڑکے ہیں اور ان میں بھی 62٪ ،18 سے 24 سال کے درمیان ہیں۔

    گیم کی وجہء شہرت

    انتہائی مشہور اور پسند کی جانے والی اس گیم میں ایسا کیا ہے جو ساری دنیا کی توجہ کھینچے ہوئے ہے؟ آئیے جانتے ہیں۔

    فورٹ نائیٹ 2017 میں جب مارکیٹ میں آئی تو اِس نے دنیا کو ہلا کے رکھ دیا اور آج تک کروڑوں لوگوں کو اپنا دیوانہ بنائے ہوئے ہے۔ سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ گیم مفت ہے اور موبائل، لیپ ٹاپ، پلے اسٹیشن ہر جگہ کھیلی جا سکتی ہے۔ ملٹی پلیئرز یعنی 100 کھلاڑیوں کے مل بیٹھنے سے گیم کا آغاز ہوتا ہے، پیرا شوٹ کے ذریعے طوفان میں گھِرے ایک جزیرے پر پہنچنا ہے، اپنا دفاع کرنے کے لیے کلہاڑے سے اینٹیں، پتھر توڑ کر قلعہ خود بنانا ہے، دشمن کو مارنا بھی ہے اور مرنے سے بچنا بھی ہے۔

    گیم کے اندر جو پلیئر ہے اُس کے لئے اپنی پسند کے کئی لباس میسر ہیں، ایک میچ میں آپ سپائڈر مین بن کر چھلانگیں لگا رہے ہیں تو دوسرے میچ میں کیلا بن کر مزاحیہ ناچ ناچ رہے ہیں۔ کھیلنے والا ہر طرح کے تجربے سے لطف اندوز ہو سکتا ہے۔ ہر ہفتے نئی اپ ڈیٹس آ رہی ہیں، مشہور فلموں کے نامی گرامی اسٹارز کے کردار گیم میں ملتے ہیں تو اُن جیسا بننے کا خواب بھی پورا ہو جاتا ہے اور کھیلنے کا مزہ بھی مل جاتا ہے۔ ابھی مئی میں فورٹ نائیٹ کا اسٹار وارز ورژن آیا تھا جس میں بے تحاشا لوگوں کا اسٹار وارز کے کردار بننے کا خواب پورا ہوا اور گیم نے لاتعداد کامیابیاں بھی سمیٹیں۔

    PUBG پب جی

    روزانہ کھیلنے والے پلیئرز: 2 کروڑ، 50 لاکھ اور چینی ورژن میں 5 کروڑ، کل: 7کروڑ، 50 لاکھ

    کم از کم مہینے میں ایک بار کھیلنے والے پلیئرز: چینی ورژن ملا کر: 3 کروڑ

    رجسٹرڈ پلیئرز: 20 کروڑ صرف موبائیل گیم میں

    وجہء شہرت

    یہ گیم بھی 2017 میں مارکیٹ میں آئی۔ 100 سے زیادہ کھلاڑیوں نے ایک جزیرے پر اُتر کر بقاء کی جنگ لڑنی ہے اور سب کا خاتمہ کر کے زندہ بچنا ہے اور ظاہر ہے جو زندہ بچے گا، جیتے گا بھی وہی۔ پب جی اور فورٹ نائیٹ کا منظر نامہ ملتا جلتا ہے، فرق یہ ہے کہ فورٹ نائیٹ کا ماحول کارٹون نما ہے اور پب جی کا ماحول حقیقی ہے۔ پب جی کی بے پناہ مقبولیت کی بہت سی وجوہات ہیں۔

    ایک تو یہ ہے کہ  اس کا ماحول حقیقت کے قریب ہے، گرافکس شاندار ہیں، لڑائی اتنی حقیقی ہوتی ہے کہ پلیئر ذہنی اور جذباتی طور پر پورے کا پورا گیم میں گم ہو جاتا ہے۔

    دوسری بڑی وجہ دوست بننا ہے۔ کئی لوگوں کا کہنا ہے کہ گیم کا سب سے خوبصورت لمحہ وہ نہیں ہوتا جب وہ ‘ چکن ڈنر’ کرتے ہیں یعنی گیم جیت جاتے ہیں بلکہ وہ ہوتا ہے جب وہ گیم میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر کے دوست بناتے ہیں جو اصل زندگی میں اُن کے پکے ساتھی بن جاتے ہیں اور یہ لمحے یادگار ہوتے ہیں۔

    تیسرا نکتہ یہ کہ میپ یعنی نقشے ایسے شاندار اور تفصیلی ہوتے ہیں اور تکنیکی خصوصیات اتنی ہوتی ہیں کہ نہ صرف گیم کھیلنا آسان ہو جاتا ہے بلکہ لُطف بھی دوبالا ہو جاتا ہے۔

    چوتھی خوبی اس کا موبائیل فرینڈلی ہونا ہے۔ گیم آئی تو پی سی پر کھیلنے کے لئے تھی لیکن پھر اس کا موبائیل ورژن متعارف کروایا گیا جو کئی ورلڈ ریکارڈ توڑ گیا اور آج بھی انتہائی پسندیدہ ہے۔

    پچھلے کچھ عرصے میں گیم کی مقبولیت میں کچھ کمی واقع ہوئی کیونکہ کئی کھلاڑیوں نے انٹر نیٹ دستیابی اور دیگر تکنیکی خرابیوں کا سامنا کرنے کی شکایت کی۔ اس کے علاوہ بعض ملکوں میں اس پر پابندی بھی لگا دی گئی ہے۔ لیکن اب 2025 میں گیم کی مالک کمپنی ‘کرافٹن’ نے کافی اپ ڈیٹس کی ہیں اور خامیوں کو دور کیا ہے جس سے بہت سے پلیئرز واپس لوٹ آئے ہیں اور گیم دوبارہ مشہور ہو رہی ہے۔

    Free Fire فری فائر

    روزانہ گیم کھیلنے والے پلیئرز: 10 کروڑ صرف فروری 2024 میں

    کم از کم  ایک بار کھیلنے والے یوزرز: 5 کروڑ 40 لاکھ مہینے میں

    وجہء شہرت

    فورٹ نائیٹ اور پب جی کی طرح فری فائیر بھی روئیل بیٹل شوٹنگ گیم ہے۔ان گیمز کے ساتھ اتنے سخت مقابلے کے باوجود یہ گیم بھی اتنی کامیاب کیسے ہے؟ آئیے آپ بھی جانئے! تو معاملہ یوں ہے جناب کہ یہ گیم خاص طور پر موبائیل استعمال کرنے والوں کے لئے بنائی گئی، مفت کھیلی جاتی ہے اور اس کے میچز مختصر ہوتے ہیں۔ پھر مشہور شخصیات کے تعاون نے بھی لوگوں کی دلچسپی میں اضافہ کیا ہے جیسے ‘کرسٹیانو رونالڈو‘ کے بدولت ‘آپریشن کرونو’ کردار شامل کیا گیا تو گیمرز کی تعداد میں بے تحاشا اضافہ دیکھنے میں آیا، اسی طرح عالمی شہرت یافتہ ‘بی ٹی ایس‘ بینڈ نے 2022 میں فری فائیر کے ساتھ تعاون کیا اور گیم کی شہرت میں چار چاند لگے، اس کے علاوہ جسٹن بائیبر، ڈی جے آلوک اور دیگر فری فائیر کی ترقی میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔

    League of Legends لیگ آف لیجنڈز

    روزانہ گیم کھیلنے والے پلیئرز: 3 کروڑ 50 لاکھ

    کم از کم مہینے میں ایک بار کھیلنے والے پلیئرز: 5 کروڑ 33 لاکھرجسٹرڈ پلیئرز: 18 کروڑ سے زیادہ

    وجہء شہرت

    لیگ آف لیجنڈز سال 2009 میں مارکیٹ میں آئی۔ یہ بھی روئیل بیٹل گیم ہے، کمپیوٹرز پر مفت کھیل سکتے ہیں۔ 5،5 کھلاڑیوں کی دو ٹیمز آپس میں مقابلہ کرتی ہیں۔اپنے آپ کو بچاتے ہوئے دشمن کی بیس تک پہنچنا ہے اور اُسے تباہ کرنا ہے۔ گیم میں ‘چیمپئن’ کے کردار کو پلیئر کنٹرول کرتا ہے اور دشمن کو مارتے ہوئے پوائنٹس حاصل کرتا ہے۔ گیم مشہور بھی ہے لیکن متشدد ہونے کی وجہ سے تنقید کا سامنا بھی رہتا ہے۔

    گیم کی کمائی عموماً کرداروں کی نت نئی اسکن کی خریداری سے ہوتی ہے۔ 26 سال پرانی ہونے کے باوجود مقبولِ خاص و عام ہے کیونکہ گیم نِگ کی زبان میں میچور کونٹینٹ ہے اسی لئے ہنوز راج کر رہی ہے۔ گیم کی پرفارمنس اور کمپنی کی پالیسی کی وجہ سےکئی پلیئرز گیم کھیلنا چھوڑ چکے ہیں لیکن ابھی بھی کروڑوں کھیلنے والوں کے دل کی دھڑکن ہے۔

    Minecraft مائن کرافٹ

    روزانہ کھیلنے والے پلیئرز: 2025 میں 5 کروڑ  اور عموماً 15 لاکھ

    کم از کم مہینے میں ایک بار ایکٹو ہونے والے پلیئرز: 20 کروڑ سے زیادہ

    رجسٹرڈ پلیئرز: 30 کروڑ

    وجہء شہرت

    سادہ سی یہ گیم باقی گیمز کی طرح بالکل بھی روئیل بیٹل نہیں ہے۔ یعنی ٹینشن کے ماحول سے ہٹ کر اِس میں اپنا مقصد خود بنایا جاتا ہے۔ پلیئر آزادی سے دنیا میں گھومتا پھرتا ہے۔ اینٹ پر اینٹ جوڑ کر خود اپنی عمارت تعمیر کرتا ہے۔ دن میں ‘کریپرز’ یعنی پیچھے پڑ جانے والوں سے اور رات میں ‘زومبی’ سے اپنے گھر کو محفوظ رکھتا ہے۔ اس گیم کی دنیا ایسی ہے جہاں آپ اپنے فیصلے خود کرتے ہیں، خود ہی تخلیق کار ہیں، کوئی آپ کو حکم جاری نہیں کرتا، نیا کھیلنے والوں کے لئے گیم میں کوئی دشمن نہیں ہے لیکن گیم کے سروائیول موڈز بھی ہے جہاں لڑائی کرنی ہوتی ہے۔

    اِسے موبائیل،  پلے اسٹیشن وغیرہ پر کھیلا جا سکتا ہے۔ مزے کی بات یہ ہے کہ گیم کے زیادہ تر پلیئرز 3 سے 12 سال کی عمر کے بچے ہیں، جن میں 54٪ لڑکے اور 46٪ لڑکیاں ہیں۔ مائن کرافٹ کے 50٪ پلیئرز اکیلے کھیلنا پسند کرتے ہیں اور 11٪ والدین روزانہ اپنے بچوں کے ساتھ کھیلتے ہیں۔ گیم تعلیمی مقصد کے لئے بھی کھیلی جاتی ہے۔ بس پھر تو فائدہ ہے یعنی ایک تیر سے دو شکار۔ کھیل بھی اور علم بھی۔

    توجہ فرمائیے: اعداد و شمار میں اب بھی کمی بیشی ہو سکتی ہے اگرچہ یہ ڈیٹا مختلف سائیٹس سے موازنہ کرنے کے بعد شائع کیا گیا ہے۔

    :اگر اُردو میں گیمز کے بارے میں مزید پڑھنا چاہتے ہیں تویہ پڑھئے

  • کیا گیم فورٹ نائیٹ بیٹل روئیل سے پیسے کمائے جا سکتے ہیں؟

    کیا گیم فورٹ نائیٹ بیٹل روئیل سے پیسے کمائے جا سکتے ہیں؟

    فورٹ نائیٹ ایک ایسی گیم ہے جو روزانہ لاکھوں افراد کھیلتے ہیں اور کئی لاکھوں افراد ایسے ہیں جو اِن کھلاڑیوں کو کھیلتا ہوا دیکھ کر سیکھتے ہیں۔ اِن میں سے اکثر تو گیمز کا شوق رکھتے ہیں اور کچھ ایسے بھی ہیں جو باقاعدہ کمائی کر تےہیں۔اس گیم سے پیسے کمانے کے تین طریقے ہیں۔

    •       فورٹ نائیٹ کی بانی کمپنی ‘ایپک گیمز‘ کے منعقد کردہ ٹورنامنٹس میں شریک ہو کر اور مقابلے جیت کر آپ امیر ہو سکتے ہیں۔
    •       سپورٹ اے کری ایٹر کوڈ بنا کر  ڈالرز حاصل کر سکتے ہیں۔
    •       اناڑی کو بنائیں ماہر کھلاڑی

    آئیے اِن طریقوں کو تفصیل سے جانتے ہیں۔

    گیم کے ٹورنا منٹس میں شرکت کیسے کریں؟

    پلیئرز آن لائن گیم کھیلتے ہوئے

    رقم جیتنے کے لئے اگر آپ گیم کے مقابلوں میں حصہ لینا چاہتے ہیں تو آئیے ہم آپ کو اس کا طریقہ سمجھاتے ہیں۔

    کرنا کچھ یوں ہے کہ آپ نے گیم کے ‘مین مینو‘ میں ‘کم پِیٹ’ والے حصے میں تشریف لےجانا ہے اور وہ ٹورنامنٹ منتخب کرنا ہے جس میں آپ حصہ لینا چاہتے ہیں۔ پھر اُس تمام معلومات کی تفصیل بتانی ہے جو کمپنی آپ کے بارے میں جاننا چاہتی ہے اور پھر ‘کوالیفائیرز‘ کے بٹن پر کلک کر کے گیم کھیلنا شروع کر دینی ہے۔آپ کو کمپنی کے بتائے گئے وقت پر سائن اِن ہونا ہے اگر مقررہ وقت پر مقابلے میں حصہ نہیں لیا تو آپ ‘ڈس کوالیفائی’ ہو جائیں گے اور اگلے مرحلے میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ بس دھیان رہے یہ ٹورنا منٹ ٹھیک ٹھاک مشکل ہوتے ہیں اور اِن میں جیتنے کے لیے خوب جان مارنی پڑتی ہے۔ کیا ہے آپ میں اتنا دم؟

    اگرآپ کا سکور اچھا ہوا تو کمپنی آپ کو ورلڈ کپ میں کھیلنے کے لئے خود دعوت دے گی۔ ورلڈ کپ کے معرکے تک پہنچنے کے لئے اِن ٹورنامنٹس میں حصہ لینا اور کامیاب ہونا بہت ضروری ہے ، ویسے ان ٹورنامنٹس کے پہاڑ سر کرتے کرتے ہی آپ کافی رقم کما لیں گے کیونکہ یہ ٹورنامنٹس بھی انعامی رقم رکھتے ہیں تو سوچ کیا رہے ہیں، لیں حصہ اور سب کے چھکے چھڑوا دیں اور اُڑا لے جائیں جیت کی رقم۔

    اس کے علاوہ آپ روزانہ کے ‘کیش کپ‘ میں بھی حصہ لے سکتے ہیں اور لیڈر بورڈ کے درجہ اوّل پر آکر انعام حاصل کر سکتے ہیں، اگرچہ اِن کیش کپس کی رقم تھوڑی ہوتی ہے لیکن اس میں کامیاب ہو کر آپ فورٹ نائیٹ کے ورلڈ کپ کے لئے تیار ہو سکتے ہیں جو آپ کو کروڑ پتی بنا دے گا۔

    سپورٹ اے کری ایٹر کوڈ کیا ہے؟

    فورٹ نائیٹ روئیل بیٹل گیم سے کمائی کا اگلا طریقہ ہے سپورٹ کری ایٹر کوڈ کے لئے اپلائی کرنا۔ اِس کے لئے آپ کمپنی ‘ایپک گیمز’ کے پیج پر اپنے سوشل میڈیا چینلز کی معلومات فراہم کریں گے۔ کمپنی آپ کے تمام چینلز کی تصدیق کرے گی اور یقینی بنائے گی کہ آپ ‘کوڈ’ کے اہل ہیں یا نہیں۔ ہو گا کچھ یوں کہ جب بھی کوئی گیم میں موجود پلے اسٹور سے کوئی آئٹم خریدنے کے لئے آپ کا کوڈ استعمال کرے گا تو اِس خریداری کی رقم کا ایک حصہ کمپنی آپ کو ادا کرے گی۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لئے ضروری ہے کہ آپ زیادہ سے زیادہ اپنا کوڈ لوگوں تک پہنچائیں اور گیم کی تشہیر کریں،اس کے لئے ویڈیوز بنائیں، بلاگز لکھیں یا گیم جیتنے کے طریقے بتائیں۔ اس طرح جب آپ کا کوڈ جتنی خریداریوں میں استعمال ہو گا، اُتنا آپ پیسے کما سکیں گے۔

    آن لائن گیم کھیل کر لوگوں کو متوجہ کریں اور اناڑی کو بنائیں ماہر کھلاڑی

    تیسرا طریقہ ہے یہ کہ اگر آپ کو اپنی گیمز کھیلنے کی صلاحیتوں پر اعتماد ہے اور آپ سمجھتے ہیں کہ آپ اوروں کو بھی سکھا سکتے ہیں اور سونے پر سہاگہ آپ کے کامیاب سوشل میڈیا چینلز بھی ہیں تو آن لائن گیم کھیلتے ہوئے براہ راست لوگوں کو دکھا کر آپ متعلقہ کمپنیز کے ساتھ تعاون سے کامیابی کے ساتھ پیسے کما سکتے ہیں۔ اس کے لئے عموماً لوگ ‘یوٹیوب’ اور ‘ٹویچ’ پر ہزاروں، لاکھوں افراد کو براہ راست میچز دکھا کر شہرت اور پیسہ سمیٹتے ہیں جیسے یہ سکاٹش دادی امّاں کما رہی ہیں۔

    آخری دو بول

    گیم کھیلئے اور دوسروں کو بھی سکھائیں۔ ساتھ میں جسمانی ورزش بھی کریں اور آنکھوں کا خیال بھی رکھیں۔ کیونکہ صحت ہے تو مزہ ہے ورنہ سب بے کار ہے۔

  • آن لائن گیم فورٹ نائیٹ بیٹل روئیل: جیت کے راز؟

    آن لائن گیم فورٹ نائیٹ بیٹل روئیل: جیت کے راز؟


    کھیل ہے مضبوط اعصاب کا

    جیتے گا وہ جس میں ہو گا دم

    یہ جیت کی نہیں بقاء کی جنگ ہے

    جانئے آن لائن کھیلوں کی دنیا میں تہلکہ مچانے والی گیم  فورٹ نائیٹ کی داستان 

    فورٹ نائیٹ بیٹل روئیل

    گیم کا آغاز کیسے ہوتا ہے؟

    سو سے زائد لوگ ایک جزیرے پر  صرف ایک کدال کے ساتھ ایک اڑنے والی بیٹل بس میں پہنچتے ہیں، کھلاڑی پیراشوٹ کے ذریعے جب چاہیں، جہاں چاہیں جزیرے پر اتر تے ہیں۔ اترتے ہی اُن کا کام اپنے دفاع اور دشمن پر حملہ کرنے کے لئے اسلحہ، زرہ بکتر اور زخموں کے لئے ادویات اکٹھا کرنا ہوتا ہے۔

    یہ کھلاڑی 4،4 لوگوں کے گروہ بنا سکتے ہیں۔ پھر ان کا کام تعمیراتی سامان جیسے لکڑی، دھات اور پتھر وغیرہ اکٹھا کرکے اپنے لئے پناہ گاہیں بنانا ہوتا ہے۔

    اس کے علاوہ اسلحے کو چلانا، اس میں مہارت حاصل کرنا بھی ضروری ہے۔ گیم کے آغاز کے تھوڑی دیر بعد ہی جزیرے پر ایک طوفان آ جاتا ہے جس سے جزیرہ مختصر ہوتا چلا جاتا ہے اور سب کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کے نزدیک ہونا پڑتا ہے۔  جس سے اُن کا ایک دوسرے سے سامنا بھی نا گزیر ہے۔ یہ سامنا اس لئے لازمی ہے کیونکہ جزیرے کے ‘محفوظ مقام’ سے باہر طوفان میں رہنے کی صورت میں کھلاڑی وقت کے ساتھ ‘بیمار’ ہو سکتے ہیں اور انہیں جسمانی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔ جیسے جیسے جگہ تنگ ہوتی جاتی ہے ویسے ویسے کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ سخت ہوتا جاتا ہے اور جیت صرف اُس کی ہوتی ہے جو آخر میں باقی زندہ بچے۔

    گیم کس نے اور کب بنائی؟ عوام میں اس کی مقبولیت کتنی ہے؟

    یہ گیم اگست2017 میں ایک امریکی کمپنی ‘ایپک گیمز’ کے پلیٹ فارم سے سالوں کی محنت کے بعد ریلیز کی گئی۔ ایک مہینے کے اندر 10 لاکھ لوگ اس گیم کے رجسٹرڈ پلیئرز بن گئےاور 2017 کے اخیر تک یہ تعداد 3 کروڑ تک پہنچ گئی۔

    رواں سال 2024ء میں 65 کروڑ لوگ اس گیم کے رجسٹرڈ پلیئرز ہیں اور روزانہ 11 لاکھ پلیئرز اسے کھیلتے ہیں۔ کمائی کے طور پر یہ گیم اب تک 26 ارب ڈالرز حاصل کر چکی ہے۔جو پاکستانی روپے کی مد میں 72 کھرب، 38 ارب،68 کروڑ،82 لاکھ 36 ہزار بنتے ہیں۔

    صرف سال 2022ء میں 6  ارب ڈالرز کی کمائی ہوئی ہے ۔ یہ گیم جوانوں اور بوڑھوں میں یکساں مقبول ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ اس میں آپ کو تشدد اور مار کٹائی کے مناظر بہت زیادہ نظر نہیں آتے جیسے خون کا گرنا وغیرہ۔

    اس گیم کو کون کھیل سکتا ہے؟

          اس کھیل کو ایک کھلاڑی کھیل سکتا ہے۔

          دو کھیل سکتے ہیں۔

          تین اور چار کی ٹیم کھیل  سکتی ہے۔

    گیم کھیلنے کی کیا قیمت ادا کرنی پڑتی ہے؟

    یہ گیم آپ ایپک گیمز کے پیج سے مفت ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ پلے اسٹیشن سٹور، ایکس بوکس لائیو اور ایپ سٹور سے بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔ ‘ایپک گیمز’ کے پیج پر اکاؤنٹ بنا کر گیم کھیلنا شروع کر دیں۔ ہاں آپ کو گیم کھیلنے کے لئے اور بہتر تجربہ حاصل کرنے کے لئے کچھ چیزیں خریدنی پڑتی ہیں جیسے ‘اسکن’، ایموٹس اور ‘ بیٹل پاس’ وغیرہ۔

          اسکن : کھلاڑی یا پلیئر کا حلیہ جو اسکن کو ایپ سٹور سے خرید کر تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

    ·      ای موٹس: گیمز کی زبان میں اس کا مطلب ہے وہ طریقے جو پلیئرز ایک دوسرے سے بات چیت کرنے کے لئے اختیار کرتے ہیں اور جن سے وہ اپنے جذبات اور ارادوں کا اظہار کرتے ہیں۔ ٹیم کی حیثیت میں کھیلنے کی صورت میں ای موٹس خریدنا بہت ضروری ہو جاتا ہے۔

          بیٹل پاس: یہ پاس کھیل کے تجربے کو بہتر بناتا ہے اور لیول کو مکمل کرنے کی صورت میں کھلاڑی کو’اچھا صلہ’ ملتا ہے اور آگے بڑھنے میں آسانی ہوتی ہے۔

    فورٹ نائیٹ بیٹل روئیل کو جیتنے کے 10 کامیاب ٹوٹکے

    گیم کو کامیابی کے ساتھ کھیلنے اور اس کا بھر پور لطف اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ آپ مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں۔ اس تیاری میں اگر آپ ان باتوں کا خیال رکھیں گے تو لازمی کامیاب ہوں گے۔

    اُترنے کے لئے بہترین جگہ کا انتخاب

    بیٹل بس سے جزیرے پر اترنے کے لئے ہمیشہ ایسی جگہ کا انتخاب کریں جہاں وافر مقدار میں سازوسامان پڑا ہو۔ یقیناً یہاں اور کھلاڑی بھی ہوں گے جن سے سامنا ہو سکتا ہےاور لڑنا پڑ سکتا ہے لیکن کسی سنسان جگہ پر اترنے سے گیم کی سُست رفتار ہو جائے گی۔

    جنگی سامان ہر طرح کا ہو

    • مقابلے کے لئے شوٹ گن قریب کا سامنا ہونے کی صورت میں پاس ہونا  چاہیئے۔
    • رائفل، مڈ رینج کی لڑائی میں کام آئے گا۔
    • سنائپر رائفل دور کھڑے دشمن کو نشانہ بنانے کے لئے مؤثر ہے۔
    • اور اپنے بچاؤ کے لئے آپ کے پاس ایک مناسب مقدار میں ادویات اور ڈھال کا ہونا بھی ضروری ہے۔

    پناہ گاہ ہمیشہ اونچی جگہ پر تعمیر کریں

    اس گیم کی ایک نمایاں خصوصیت اس کا ‘بلڈنگ پارٹ’ ہے۔ یعنی آپ اپنی مرضی سے اپنے بچاؤ کے لئے اپنی کدال سے مٹی، دھات اور دیگر سامان کھود کر یا ڈھونڈ کر ایک مضبوط ڈھال تعمیر کر سکتے ہیں۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ آپ ایک اونچی جگہ منتخب کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ دشمنوں پر نظر رکھ سکیں۔

    متحرک رہیں

    زیادہ سے زیادہ موو کریں، اگر آپ ایک ہی جگہ پر کھڑے رہے تو جلد دشمن کی نظر میں آ جائیں گے اور اُن کا نشانہ بن جائیں گے۔

    طوفان کو اپنے فائدے کے لئے استعمال کریں

    جزیرے کے کنارے پر جہاں طوفان آرہا ہے، وہاں سے بچنے کی کوشش ہر کھلاڑی کرتا ہے لیکن آپ طوفان کا وقت اور شدت ‘نوٹ’ کر لیں اور کنارے پر رہ کر دشمن کا ‘یکدم’ سامنا کر کے اسے ہرا دیں۔

    لڑائی سوچ سمجھ کر منتخب کریں

    ہر لڑائی میں کود پڑنا آپ کو تھکا سکتا ہے اور زخمی ہونے کا امکان بھی ہے۔ اس لئے ہمیشہ سوچ سمجھ کر اور نتائج کا اندازہ کر کے جیتنے کے امکان کو مدنظر رکھ کر مقابلہ کریں۔ کبھی کبھار لڑائی سے بچنا بھی ایک کامیاب حکمتِ عملی ثابت ہو سکتی ہے۔

    کھیلی ہوئی ہر گیم کو دوبارہ دیکھیں

    اپنی کھیلی ہوئی گیم کو ریوائنڈ کرنے سے آپ اپنی غلطیوں کا اندازہ کر سکتے ہیں اور اپنی حکمتِ عملی کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

    دوستوں کے ساتھ کھیلیں

    سنگل کھیلنے کےعلاوہ آپ ٹیم کے ساتھ بھی ضرور کھیلیں۔ اس طرح ایک دوسرے کو ‘کور’ کرنا، مقابلے کے وقت ڈھال بننا اور زخمی ہونے کی صورت میں مدد کا ملنا آسان ہو جاتاہے۔

    دوسروں کو کھیلتا ہوا دیکھیں

    گیم کے مشہور اور کامیاب کھلاڑیوں کی لائیو سٹریمنگ اور سابقہ میچز کو غور سے دیکھیں اور جنگی حکمتِ عملی سیکھیں۔

    اپ ٹو ڈیٹ رہیں

    یہ ایک ایسی گیم ہے جو مسلسل اپ ڈیٹ ہوتی رہتی ہے۔ میکرز نت نئی ‘اسکن’، ہتھیار اور نقشے متعارف کرواتے رہتے ہیں۔ان کو ساتھ ساتھ استعمال کرنے سے آپ بہتر گیم کھیل سکتے ہیں۔

    یہ وہ چند تجاویز ہیں جن کو کام میں لا کر آپ نہ صرف اس گیم کے ماہر بن سکتے ہیں بلکہ لائیو سٹریمنگ کر کے لاکھوں کما بھی سکتے ہیں۔

    گیم سے کیا سیکھا جا سکتا ہے؟

    یہ ایسا دماغ اُڑا دینے والا تجربہ ہے کہ کھیلنے والے گھنٹوں اس میں مگن رہتے ہیں اور وقت گزرنے کا احساس تک نہیں ہوتا۔ اس ملٹی پلیئرز گیم سے آپ بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں جیسے کہ

    •       جلد اور درست فیصلہ کرنے کی صلاحیت پیدا کر سکتے ہیں۔
    •       باہمی تعاون کا سلیقہ سیکھ سکتے ہیں۔
    •       دماغی قوت کو طاقتور بنا سکتے ہیں۔
    •       مقابلہ کرنے کا اعتماد پیدا ہو سکتا ہے۔